i بین اقوامی

مغربی ممالک غزہ تنازعے کے حوالے سے "دوہرے معیار" کو ترک کر دیں،ہسپانوی وزیرِ اعظمتازترین

July 11, 2024

ہسپانوی وزیرِ اعظم پیڈرو سانچیز نے یوکرین کی حمایت کرتے ہوئے مغربی ممالک پر زور دیا کہ وہ غزہ تنازعے کے حوالے سے "دوہرے معیار" کو ترک کر دیں۔سانچیز کی حکومت میں سپین نے فلسطینی ریاست کو تسلیم کیا اور غزہ جنگ کے دوران اسرائیل کے طرزِ عمل پر تنقید کی۔انہوں نے واشنگٹن میں نیٹو کی 75ویں سالگرہ کے اجلاس میں کہا کہ اگر ہم اپنے لوگوں سے یہ کہیں کہ ہم یوکرین کی حمایت کرتے ہیں کیونکہ ہم بین الاقوامی قانون کا دفاع کر رہے ہیں تو پھر ہمیں غزہ کے لیے بھی یہی کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ ایک مسلسل سیاسی پوزیشن ہونی چاہیے جس میںہمارے پاس دوہرا معیار نہ ہو۔سانچیز نے کہا کہ فلسطینیوں کو متاثر کرنے والے "اس خوفناک انسانی بحران کو روکنے" کے لیے دنیا کو دبائو ڈالنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے فلسطینی ریاست کے قیام کے لیے بین الاقوامی امن کانفرنس کا مطالبہ کیا،انہوں نے کہا کہ ہمیں فوری جنگ بندی کے حالات پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔ ہسپانوی وزیر اعظم نے لبنان میں بڑھتی کشیدگی کو بھی دنیا کے لیے حقیقی خطرہ قرار دیا،سانچیز نے کہا کہ وہ جمہوریت، آزادی اور یوکرین جیسے ملک کے وجود کے حق کے بھی حامی تھے۔سربراہی اجلاس میں نیٹو کے رہنمائوں نے ایک اعلامیہ جاری کیا جس میں کہا گیا، اگر کیف کو نیٹو اتحاد میں شامل ہونا ہے تو اس کے لیے یہ راستہ "ناقابلِ واپسی" ہے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی