یونیورسٹی آف کیلیفورنیا کے طلبا کے پرامن دھرنے کو کچلنے کے بعد اس ریاستی یونیورسٹی کے ہزاروں ملازمین نے طلبا کی حمایت میں ہڑتال کی دھمکی دی ہے ۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکہ کی کیلیفورنیا یونیورسٹی کے گیارہ کیمپس میں کام کرنے والے اڑتالیس ہزار ملازمین نے خبردار کیا ہے کہ اگر گرفتار طلبا، پروفیسرز اور ملازمین کو رہا نہ کیا گیا اور یونیورسٹی نے صیہونی حکومت سے وابستہ کمپنیوں کے ساتھ اپنا تعاون ختم نہ کیا تو وہ ملک گیر ہڑتال کریں گے۔ امریکی پولیس نے یونیورسٹی آف کیلیفورنیا کے طلبا کے پرامن اجتماع کی سرکوبی کے دوران گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں اس یونیورسٹی کے پچاس طلبا، پروفیسرز اور ملازمین کو گرفتار کر لیا۔ فلسطین کی حمایت اور صیہونی حکومت کے ہاتھوں فلسطینیوں کی نسل کشی کی مذمت میں امریکی یونیورسٹی کولمبیا کے طلبا نے اپنا احتجاج شروع کیا تھا جس کا دائرہ امریکی حکام کے جابرانہ اور شدت پسندانہ اقدامات کے باوجود پہلے تو اس ملک کی دیگر یونیورسٹیوں تک پھیلا اور پھر یہ سلسلہ امریکی سرحدوں سے نکل کر دنیا کے دیگر دسیوں ممالک تک جا پہنچا۔ یہاں تک کہ امریکہ کے اتحادی ممالک فرانس برطانیہ جرمنی یا پھر کینیڈا اور آسٹریلیا وغیرہ بھی اس سے مستثنی نہیں رہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی