حج کے دوران 49 عازمین کی اموات کے بعد تیونس کے وزیر مذہبی امور کو برطرف کردیا گیا۔ غیرملکی میڈیا کے مطابق تیونس کے صدر قیس سعید نے وزیر مذہبی امور ابراہیم الشائبی کو برطرف کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ابراہیم الشائبی کی ذمہ داریاں ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ تاہم اس بارے میں کوئی مزید تفصیل جاری نہیں کی گئی ۔ اس سے قبل تیونس کی وزارت خارجہ نے 35 تیونسی حجاج کی اموات کی تصدیق کی تھی جبکہ تیونس کے میڈیا کے مطابق اموات کی تعداد 49 ہو گئی ہے۔ وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ انتقال کرنے والے زیادہ تر حجاج کرام سیاحتی ویزے پر سعودی عرب گئے تھے اور اپنے اپنے ملکوں کے لیے متعین سعودی حج پروٹوکول کا حصہ نہیں تھے۔سعودی عرب کی جانب سے جاری اعداد وشمار کے مطابق رواں سال مجموعی طور پر 18 لاکھ حجاج نے فریضہ حج ادا کیا ہے۔ ان میں سے 16 لاکھ کا تعلق بیرون ملک سے تھا۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی