سعودی عرب کی وزارت داخلہ نے 2 سے 20 جون کے دوران بغیر پرمٹ اور حج ضوابط و ہدایات کی خلاف ورزی کرنے والوں پر جرمانے کا اعلان کیا ہے۔ مکہ مکرمہ، مرکزی علاقے، مشاعر مقدسہ، حرمین ٹرین سٹیشن، عارضی سکیورٹی کنٹرول سینٹرز میں بغیرحج پرمٹ اور خلاف ورزیوں پر پکڑے جانے والے شہریوں، مقیم غیرملکیوں اور وزیٹرز پر10 ہزار ریال جرمانہ کیا جائے۔ خلاف ورزی کرنے والے مقیم غیر ملکیوں اور وزیٹرز کو بے دخلی کے ساتھ مملکت میں دوبارہ داخلے پر پابندی عائد کی جائے گی۔بیان میں حج ضوابط اور ہدایات پر عمل کرنے کی اہمیت پر زور دیا گیا تاکہ عازمین حج سلامتی اور آرام کے ساتھ مناسک ادا کرسکیں۔ یاد رہے کہ سعودی محکمہ امن عامہ نے اس سے قبل بیان میں ہفتہ4 مئی 2024 سے حج سیزن کے حوالے سے ضوابط پر عملدرآمد کے آغاز کا اعلان کیا تھا۔ جس کے تحت مکہ مکرمہ میں داخلے کے لئے انٹری پرمٹ ضروری ہوگا، بیان میں کہا گیا تھا کہ نئے ضوابط کا مقصد حج کے عمل کو بہتر اور عازمین حج کے تحفظ کو یقینی بنانا ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی