اسرائیل کے نہتے فلسطینیوں پر مظالم جاری ہیں ، غزہ پراسرائیل کی وحشیانہ بمباری میں مزید شدت آ گئی،فلسطینی وزارت صحت کے مطابق غزہ میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 250فلسطینی شہید جبکہ 500زخمی ہوگئے ہیں،عرب میڈیا کے مطابق غزہ کی جنگ کے 80ویں دن اسرائیل نے غزہ کی پٹی میں شدید بمباری کی، مغربی کنارے کے شہر بیت اللحم میں فلسطینیوں کے لیے کرسمس کی ایک اداس رات کے بعد شہری فاقہ کشی کا شکار ہیں،فلسطینی عوام کے مصائب کے خاتمے کے لیے کسی فوری جنگ بندی کے آثار نظر نہیں آ رہے، غزہ میں قحط کا منظر ہے اور پٹی میں ہر طرف تباہی کے مناظر ہیں اور تمام مکینوں کے اسرائیلی جارحیت یا بھوک کے باعث ختم ہوجانے کے خدشات پیدا ہو رہے ہیں، حالیہ پیش رفت میں فلسطینی طبی حکام نے بتایا ہے کہ وسطی غزہ کی پٹی پر اسرائیلی فضائی حملے میں شہدا کی تعداد 106ہو گئی ہے، یہ اعلان اتوار کی شب المغازی پناہ گزین کیمپ میں ہونے والے فضائی حملے کو غزہ پر مہلک ترین فضائی حملوں میں شامل کر رہا ہے،گزشتہ روز اسرائیلی فوج نے وادی غزہ کے قریب البریج کیمپ کے مکینوں سے فوری طور پر انخلا کا مطالبہ کیا، غزہ کی پٹی کے اطراف میں واقع بستیوں پر دوبارہ میزائلوں کی بمباری کی اطلاع دی،کرسمس کے موقع پر غزہ کی پٹی میں بمباری ایک لمحے کے لیے بھی نہیں رکی ، پیر کی صبح فلسطینی میڈیا نے اطلاع دی ہے کہ جنوبی غزہ کی پٹی میں خان یونس میں ایک گھر پر اسرائیلی فوج کے چھاپے میں 23افراد شہید ہوگئے جبکہ الزوائدہ کے چھوٹے سے گائوں کے قریب بھی ایک بم دھماکے میں 12افراد چل بسے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی