i بین اقوامی

غزہ میں ریڈ کراس کے دفتر پراسرائیلی بمباری سے 22 افراد شہید،45 زخمیتازترین

June 22, 2024

غزہ میں ریڈ کراس کے دفتر پر اسرائیلی بمباری میں کم سے کم 22 افراد شہید اور 45 زخمی ہو گئے، بمباری کا نشانہ بننے والی عمارت میں بڑی تعداد میں پناہ گزین مقیم ہیں۔ عرب میڈیا کے مطابق بین الاقوامی ریڈ کراس کمیٹی نے سوشل میڈیا ایپ ایکس پر بتایاکہ جمعے اور ہفتے کی رات کو اس کے دفتر پر اسرائیلی فوج نے بمباری کی،جس کے نتیجے میں علاقے میں واقع ریڈ کراس فیلڈ ہسپتال میں لاشوں اور زخمیوں کی بڑی تعداد لائی گئی جن میں سے بعض کی حالت نازک بتائی جارہی ہے۔ ریڈ کراس کا بتاناہے کہ اب تک جاں بحق افراد کی تعداد 22 ہو چکی ہے جبکہ 45 زخمی ہیں جن میں سے بعض کی حالت تشویشناک ہے ۔ ریڈ کراس کا کہنا ہے کہ جنگ کے دونوں فریقین کو انسانی حقوق کے مراکز کا علم ہے، اس کے باوجود ریڈ کراس کے مرکز پرحملہ کرکے اس کے ملازمین کی جانیں خطرے میں ڈالی گئیں۔ ریڈ کراس کمیٹی نے مزید کہا کہ سکیورٹی کا یہ سنگین واقعہ حالیہ دنوں میں پیش آنے والے متعدد واقعات میں سے ایک ہے، پچھلے دنوں بھی فائرنگ کے دوران ریڈ کراس کی عمارت پر گولیاں لگی تھیں۔ ریڈ کراس کمیٹی نے اس حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ انسانی ہمدردی کے لیے کام کرنے والے شہریوں کو نشانہ بنانے کا کوئی جواز نہیں۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی