عارضی جنگ بندی کی کوششوں کے ساتھ غزہ میں خونریزی بھی جاری ہے ، صیہونی فوج نے ایک روز میں 100فلسطینیوں کوشہید کردیا، جس کے بعد اسرائیلی بمباری میں شہید ہونیوالوں کی مجموعی تعداد 20ہزارہوگئی ہے ،اسرائیلی فوج غزہ کی پٹی کے شمال اور جنوب میں ہرطرف بمباری کررہی ہے، رفاح میں رہائشی عمارتوں پر بمباری سے50افراد شہید ہوگئے جبکہ متعدد فلسطینی ملبے تلے دب گئے ہیں ،بمباری سے زخمی ہونیوالوں کو الاقصی ہسپتال منتقل کردیاگیا ہے جبکہ صیہونی فوج کی جبالیہ میں پناہ گزین کیمپ پرحملے میں 13فلسطینی شہید ہوگئے ،جبالیہ غزہ میں موجود آٹھ پناہ گزین کیمپوں میں سے ایک بڑا کیمپ ہے جس میں 116000رجسٹرڈ مہاجرین رہائش پذیر ہیں ، ان کی اکثریت اس وقت خوراک اور پانی سے محروم ہو چکی ہے اوراوپر سے آئے روز بمباری کی جارہی ہے،فلسطینی وزارت صحت نے کہا ہے کہ اسرائیلی فوج نے العدوان ہسپتال سے 80میڈیکل سٹاف سمیت 240افراد کو گرفتار کر لیا ہے، جنگ کی وجہ سے غزہ کے بیشتر ہسپتالوں نے کام کرنا چھوڑ دیا اور شمالی غزہ میں صحت کی خدمات سب سے زیادہ متاثر ہوئیں۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی