فرانس میں گینگ نے دن دیہاڑے فائرنگ کرکے قیدی وین میں موجود منشیات کے سب سے بڑے سمگلر کو چھڑا لیا۔ فرار ہونیوالا گینگسٹر قتل کی کوشش اور ڈکیتی سمیت گیارہ وارداتوں میں ملوث ہے،غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق فائرنگ کا واقعہ نارمنڈی کے علاقے میں اس وقت پیش آیا جب '' دا فلائی'' نامی قیدی کو جیل سے عدالت لایا جارہا تھا، دو منٹ تک جاری رہنے والی فائرنگ میں 2پولیس اہلکار ہلاک اور تین زخمی ہوئے ہیں ۔نقاب پوش حملہ آوروں نے اپنی کالی گاڑی پولیس کے سفید ٹرک سے ٹکرائی، کار سے چھلانگ مار کر باہر نکلے اور ٹرک کو چاروں طرف سے گھیر ے میں لے کر فائرنگ شروع کردی، جبکہ ایک حملہ آور نے قیدی وین کا دروازہ کھولا اور قیدی کو نکال لیا، اس طرح انتہائی فلمی انداز میں 30برس کا قیدی محمد امرا کو اس کے ساتھی حملہ آور باآسانی چھڑا کر لے گئے۔علاوہ ازیں قیدی جن دو گاڑیوں میں فرار ہوئے ان میں سے ایک بعد میں جلی ہوئی ملی ہے۔واضح رہے کہ فرار ہونیوالا گینگسٹر قتل کی کوشش اور ڈکیتی سمیت گیارہ وارداتوں میں ملوث ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی