امریکی یونیورسٹیوں میں فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کرنے والے طلبہ کے خلاف کارروائیوں کا آغاز کر دیا گیا ہے، کولمبیا یونیورسٹی نے بھی احتجاج کرنے والے طلبہ کو معطل کرنا شروع کردیا۔کولمبیا یونیورسٹی کی انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ کیمپس میں خیمے لگا کر پڑائو ڈالنے والے طلبہ کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔یونیورسٹی انتظامیہ کے مطابق دو ہفتوں سے جاری مظاہرے یونیورسٹی کی پالیسی کے خلاف ہیں تاہم غزہ کے بے گھر فلسطینیوں کی تصویر کشی کرنے کیلئے خیمے لگا کر احتجاج کرنے والے طلبہ نے کیمپ ختم کرنے سے انکار کردیا ہے۔کولمبیا یونیورسٹی میں غزہ پر جاری اسرائیلی حملوں کے خلاف نعرے بازی جاری ہے۔یاد رہے کہ گزشتہ روز امریکا کی کولمبیا یونیورسٹی میں فلسطینیوں کے حق میں مظاہرے کرنے والے طلبہ اور یونیورسٹی انتظامیہ کے درمیان مذاکرات ناکام ہوگئے تھے۔کولمبیا یونیورسٹی میں احتجاج کرنے والے طلبہ کا مطالبہ ہے کہ یونیورسٹی ایسی سرمایہ کاری کو ختم کرے جس سے اسرائیلی فوج کی مدد ہوتی ہے ساتھ ہی یونیورسٹی اپنے مالی معاملات میں شفافیت لے کر آئے اور حالیہ احتجاجی مظاہروں کے دوران جن طلبہ اور اساتذہ کے خلاف تادیبی کارروائی کی گئی ہے ان کو معافی دی جائے۔ مظاہرین نے ان مطالبات کی منظوری تک احتجاج جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا تھا۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی