عالمی میڈیا کے مطابق بھارت کی سب سے بڑی کار مینوفیکچرنگ کمپنی ماروتی سوزوکی نے سال کے آخر میں یہ فیصلہ کیا ہے۔ کمپنی کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ وہ اپنی کاروں کی قیمتوں میں اضافہ کرے گی جو یکم جنوری 2024سے لاگو ہوں گی،بیان میں کمپنی کی جانب سے کہا گیا ہے کہ کمپنی کو یہ فیصلہ اشیا کی قیمتوں اور ان پٹ لاگت میں اضافے کی وجہ سے لینا پڑا ہے۔ خیال کیا جا رہا ہے کہ ماروتی کے تمام ماڈلز کی قیمتوں میں اضافہ کردیا جائے گا، تاہم کار ساز کمپنی نے ابھی تک اپنے ماڈلز پر صحیح اضافے کا اعلان نہیں کیا ہے،کمپنی کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ لاگت کو کم کرنے اور قیمتوں میں اضافے کی تلافی کے لیے کی جانے والی کوششوں کے باوجود کچھ کاروں کی خریداری پر صارفین کو قیمتوں میں اضافے کا بوجھ اٹھانا پڑ سکتا ہے،ماروتی سوزوکی کے علاوہ کچھ دیگر آٹوموبائل مینوفیکچررز کی جانب سے بھی قیمتوں میں اضافے کا اعلان سامنے آیا ہے، حال ہی میں جرمن لگژری کار بنانے والی کمپنی آڈی کی جانب سے بھی قیمتیں بڑھادی گئی تھیں۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی