امریکی صدر جوبائیڈن کے صدارتی الیکشن کی دوڑ سے دستبرداری کے اعلان پر عالمی رہنمائوں کا ردعمل بھی سامنے آ گیا ہے۔برطانوی وزیر اعظم کیئر سٹارمر نے کہا ہے کہ صدر بائیڈن کے فیصلے کا احترام کرتا ہوں، ان کی بقیہ مدت میں ساتھ مل کر کام کرنے کا منتظر ہوں،آئرش وزیر اعظم سائمن ہیرس نے کہا ہے کہ امریکی صدر جوبائیڈن کی 2020 میں فتح کے بعد دنیا بدل گئی ہے، میں ان کی عالمی قیادت اور دوستی کا شکر گزار ہوں،نارویجن وزیر اعظم نے اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ جوبائیڈن کئی دہائیوں سے امریکا کے سب سے نمایاں سیاست دانوں میں سے ایک ہیں، امریکی صدر نے کئی اہم اصلاحات کی ہیں،پولینڈ کے وزیر اعظم کا کہنا ہے کہ صدر جوبائیڈن نے کئی مشکل فیصلے کیے جن سے پولینڈ، امریکا اور دنیا کو محفوظ بنایا گیا، چیک ری پبلک کے وزیر اعظم نے کہا یہ ایک ایسے سیاستدان کا فیصلہ ہے جس نے کئی دہائیوں تک اپنے ملک کی خدمت کی۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی