i بین اقوامی

اطالوی وزیراعظم کے پستہ قد کا مذاق اڑانے پر خاتون صحافی کو ہزاروں یورو جرمانہتازترین

July 19, 2024

اٹلی کی وزیراعظم جارجیا میلونی کے قد کا مذاق اڑانے کے الزام میں خاتون صحافی کو 5ہزار یورو ہرجانے کی سزا سنائی گئی ہے،عالمی میڈیاکے مطابق اٹلی کے شہر میلان کی عدالت میں وزیراعظم جارجیا میلونی کا سوشل میڈیا پر ایک صحافی کی جانب سے مذاق اڑانے کے کیس کی سماعت ہوئی،خاتون صحافی جیولیا کورٹیز پر الزام تھا کہ انھوں نے اپنی ایک ٹویٹ میں وزیراعظم جارجیا میلونی کے قد کا مذاق اڑایا تھا،جرم ثابت ہونے پر عدالت نے خاتون صحافی کو حکم دیا کہ وہ وزیراعظم جارجیا میلونی کو 5ہزار یورو ہرجانہ ادا کریں،عدالت نے فیصلے میں کہا کہ خاتون صحافی جیولیا کورٹیز اس سزا کے خلاف اپیل کا حق رکھتی ہیں،اطالوی وزیراعظم کے وکیل نے بتایا کہ ان کی کلائنٹ ہرجانے کی رقم ایک خیراتی ادارے کو دیں گی،اپنی ٹوئٹ میں جیولیا کورٹیز نے جارجیا میلونی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا تھا کہ آپ مجھے دھمکا نہیں سکتیں کیوں کہ آپ کا قد محض 4فٹ ہے جس کی وجہ آپ مجھے نظر بھی نہیں آتیں۔سزا سننے کے بعد خاتون صحافی نے سوشل میڈیا پر لکھا کہ یہ اٹلی میں آزاد صحافیوں کے لیے ایک مشکل وقت ہے۔ آنے والے اچھے دنوں کی امید کرتے ہیں۔ ہم ہمت نہیں ہاریں گے۔یاد رہے کہ اطالوی وزیراعظم کے صحافیوں کو عدالت میں گھسیٹنے کا یہ پہلا واقعہ نہیں۔گزشتہ برس روم کی عدالت نے سب سے زیادہ فروخت ہونے والے مصنف رابرٹو ساویانو پر ایک ہزار یورو جرمانہ کے علاوہ قانونی اخراجات ادا کرنے کا حکم دیا تھا۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی