ایران نے کہا ہے کہ اگر اسرائیل نے اسے دھمکانے یا چڑھائی کرنے کی کوشش کی تو وہ اپنا جوہری نظریہ تبدیل کر سکتا ہے۔ سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کے مشیر کمال خرازی نے کہا ہے کہ اگر ایران کو خطرہ لاحق ہوا تو وہ جوہری ہتھیاروں کے حصول سے گریز کرنے کی اپنی پالیسی تبدیل کر سکتا ہے۔ تہران عرب مذاکراتی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مشیر کمال خرازی نے کہا کہ ایران کا جوہری ہتھیار بنانے کا کوئی منصوبہ نہیں ہے اور نہ ہی بم بنانے کے لیے جوہری ٹیکنالوجی کا خواہاں ہے۔ انھوں نے کہا مغربی ممالک کے شک کی بنا پر ان کا جوہری پروگرام عرصہ دراز تک تنازعے کا شکار رہا ہے، لیکن اگر اسرائیل، ایران کے خلاف کوئی محاذ کھولتا ہے تو ہم اپنے جوہری نظریے پر نظرثانی کا حق رکھتے ہیں۔ ایرانی خارجہ پالیسی کے اعلی حکام نے تہران میں ایرانی عرب ڈائیلاگ فورم کو بتایا کہ جوہری ہتھیاروں کے بغیر مشرق وسطی کا واحد راستہ اسرائیل کو غیر مسلح کرنا ہے۔ وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان نے کہا کہ ہم ایک ایسا خطہ چاہتے ہیں جس میں جوہری ہتھیار نہ ہوں، سپریم لیڈر کے مشیر کمال خرازی نے اس وژن کے حوالے سے ایران کا حل پیش کیا اور اسے نہ سمجھنے کے نتائج سے خبردار کیا۔ انھوں نے کہا حل یہ ہے کہ اسرائیل خطے میں واحد ملک ہے جس کے پاس جوہری ہتھیار ہیں، اس لیے اسے غیر مسلح ہونا چاہیے۔ اگر ایسا نہیں ہوتا تو جوہری ہتھیاروں کے بغیر ایک خطے کا احساس نہیں ہوگا، اور خطے میں جوہری دوڑ شروع ہو جائے گی۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی