اقوام متحدہ کے عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او)کے سربراہ تیدروس ادھانوم گیبرائسس نے کہا ہے کہ زمینی کارروائی سے پہلے اسرائیل نے میڈیکل گودام خالی کروانے کے لیے چوبیس گھنٹے کا وقت دیا ہے۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر تیدروس ادھانوم نے لکھا کہ آج اسرائیلی دفاعی افواج کی جانب سے عالمی ادارہ صحت کو نوٹس موصول ہوا ہے کہ چوبیس گھنٹوں کے اندر جنوبی غزہ میں واقع میڈیل گودام سے طبی سامان ہٹا لیں کیونکہ زمینی کارروائی کی وجہ سے یہ استعمال کے قابل نہیں رہے گا۔عالمی ادارہ صحت کے سربراہ نے اسرائیل سے اپنے احکامات واپس لینے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ شہریوں اور شہری انفراسٹرکچر کے تحفظ کی ہر ممکن کوشش کریں۔حماس کے خلاف فوجی کارروائیاں وسیع کرتے ہوئے پیر کو متعدد اسرائیلی ٹینک جنوبی غزہ میں داخل ہوئے جبکہ پورے علاقے میں مواصلاتی نظام منقطع ہو گیا ہے۔ڈبلیو ایچ او کے مطابق غزہ میں ساٹھ دن کے عرصے میں طبی سہولیات فراہم کرنے والے ہسپتالوں کی تعداد 36 سے کم ہو کر 18 رہ گئی ہے جن میں سے تین صرف بنیادی ابتدائی طبی امداد فراہم کر رہے ہیں جبکہ دیگر معمولی سروسز دینے کے قابل ہیں۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی