i بین اقوامی

اسرائیل کا غزہ میں زیرِزمین سرنگوں میں سمندری پانی بہانے کا منصوبہ،انتظامات مکملتازترین

December 05, 2023

اسرائیل غزہ میں حماس کے زیرِ زمین سرنگوں کے نیٹ ورک کو سمندری پانی سے بھرنے کی منصوبہ بندی کر رہا ہے جس کے لیے انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق نومبر کے وسط تک اسرائیل نے الشاتی کیمپ کے شمال میں پانچ بڑے پائپ بچھانے کا کام مکمل کر لیا تھا جن کے ذریعے فی گھنٹہ ہزاروں کیوبک میٹر سمندری پانی سرنگوں میں بہایا جائے گا۔ تاہم رپورٹ میں یہ واضح نہیں کیا گیا کہ کیا اسرائیل یرغمالیوں کی رہائی سے قبل اس منصوبے پر عمل درآمد کرے گا۔ اس سے قبل حماس کی جانب سے یہ بیان سامنے آیا تھا کہ یرغمالیوں کو محفوظ مقامات اور سرنگوں میں چھپایا ہوا ہے۔امریکی حکام سے جب اس رپورٹ کے حوالے سے سوال کیا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ اسرائیل کے لیے سرنگوں کو ناقابل استعمال بنانا ہی مناسب ہے اور ایسا کرنے کے لیے مزید طریقوں پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔اسرائیل کی وزارت دفاع نے اس معاملے پر فوری تبصرہ نہیں کیا۔ اسرائیل دفاعی افواج (آئی ڈی ایف) کے حکام نے سرنگوں میں پانی بہانے کے منصوبے پر تبصرہ کرنے سے انکار کیا ہے تاہم انہوں نے کہا کہ حماس کی دہشت گردی کی صلاحیتوں کو ختم کرنے کے لیے ملٹری اور ٹیکنالوجی کے مختلف ذرائع استعمال کر رہے ہیں۔اسرائیل نے اس منصوبے کے حوالے سے امریکہ کو گزشتہ ماہ آگاہ کیا تھا تاہم یہ معلوم نہیں ہو سکا کہ اسرائیل اس پر عمل درآمد کرنے کے کس حد تک قریب ہے۔امریکی حکام کے مطابق اسرائیل نے فی الحال اس پر عمل درآمد یا منصوبہ ترک کرنے کا حتمی فیصلہ نہیں کیا۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی