الجزائر میں ایک شہری کو سڑکوں پر راہگیروں سے بغیر کسی وجہ کے گلے ملنے کے جرم میں گرفتار کرکے جیل بھیج دیا گیا ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق 30سالہ محمد رامزی ویلاگر ہیں جنہیں حال ہی میں راپگیروں سے گلے ملنے پر غیر اخلاقی رویے کا مجرم قرار دیا گیا ہے۔ شہری کو سڑک پر چل رہے ہر ایرے غیرے کو گلے لگانے کے جرم میں دو ماہ قید کی سزا اور 50لاکھ دینار جرمانے کی سنائی گئی ہے۔محمد رمزی نے ایک مشہور یورپی ویلاگر سے متاثر ہوکر ایک ٹک ٹاک ویڈیو پوسٹ کی تھی جس میں انہیں لوگوں کو گلے لگاتے ہوئے دکھایا گیا۔ ویڈیو نے عوام میں شدید غم و غصے کو جنم دیا کیونکہ مسلم ملک ہونے کی وجہ سے الجزائر میں اس قسم کا رویہ ناقابل قبول ہے۔عوام کی جانب سے شدید تنقید پر اگرچہ محمد رامزی نے معذرت کی تاہم تب تک بہت دیر ہوچکی تھی۔ واقعہ گزشتہ سال کا ہے جب ایک عدالت نے انہیں تمام الزامات میں بے قصور قرار دیا تھا تاہم استغاثہ نے اس فیصلے کے خلاف اپیل کی جس پر کیس الجزائر کی جوڈیشل کونسل کو منتقل ہوگیا اور اب ایک سال بعد کونسل نے محمد رامزی کو بالآخر مجرم قرار دیتے ہوئے دو ماہ قید اور 50لاکھ دینار جرمانے کی سزا سنادی ہے۔رامزی پر سرعام گلے ملنے کے ناشائستہ رویے اور دوسری ویڈیو جس میں مختصر لباس پہنے لڑکیوں کو دکھایا گیا تھا، کی وجہ سے بے حیائی کے مظاہرے کا الزام لگایا گیا تھا۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی