i بین اقوامی

ایران،نئے صدر کا انتخاب آج ہو گا ، 6امیدوار مدمقابلتازترین

June 27, 2024

ایران کے صدر کے انتخاب کے لیے پولنگ جمعے کے روز(آج) ہوگی جبکہ صدارتی انتخاب کے لیے چھ امیدواروں کے درمیان مقابلہ ہے۔ایران میں صدارتی انتخابات 2025میں ہونا تھے تاہم گزشتہ ماہ صدر ابراہیم رئیسی کی ہیلی کاپٹر حادثے میں انتقال کے بعد اس عہدے پر چناو کے لییآج ایرانی عوام ووٹ ڈالیں گے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق ایرانی صدر کے انتخاب کے لیے ایران کی شوری نگہبان نے صرف 6امیدواروں کے ناموں کی منظوری دی ہے۔ان 6صدارتی امیدواروں میں سعید جلیلی، محمد باقر قالیباف، مسعود پزیشکیان، مصطفی پور محمدی، امیر حسین غازی زادہ ہاشمی اور علی رضازاکانی شامل ہیں۔ایران کے صدارتی انتخاب میں کوئی خاتون امیدوار نہیں ہے کیونکہ اسلامی جمہوریہ ایران میں خواتین کو صدر کے عہدے کے لیے الیکشن لڑنے کی اجازت نہیں ہے۔ایرانی وزارت داخلہ کے اعداد و شمار کے مطابق 287افراد نے باضابطہ طور پر صدارتی عہدے کے لیے اپنی امیدواری کی خواہش کا اعلان کیا تھا اور ان میں سے 80نے ممکنہ امیدواروں کے طور پر اپنی باقاعدہ رجسٹریشن کرائی تھی۔ان 80ممکنہ انتخابی امیدواروں میں چار خواتین بھی شامل تھیں تاہم گارڈین کونسل نے ان کے نام ممکنہ امیدواروں کی فہرست سے خارج کر دیے تھے۔واضح رہے کہ ایران میں صدر ابراہیم رئیسی کی شہادت کے بعد یہ قبل از وقت صدارتی انتخابات ہو رہے ہیں۔ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے عوام پر زور دیا ہے کہ وہ جمعے کو ہونے والے الیکشن میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی