i بین اقوامی

ایران پراسرائیلی حملہ ، وائٹ ہاوس کا تبصرے سے گریزتازترین

April 20, 2024

وائٹ ہاوس نے ایران پر اسرائیل کے حملے پر تبصرے سے گریز کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران پر اسرائیلی حملے سے متعلق فی الحال بیان نہیں دے سکتے۔ وائٹ ہاوس کی پریس سیکرٹری نے کہا کہ امریکا اس تنازع کو بڑھتا ہوا نہیں دیکھنا چاہتا، کشیدگی میں کمی کیلئے اتحادیوں اور شراکت داروں سے مشاورت جاری ہے۔ قبل ازیں امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے اسرائیل کی جانب سے ایران پر حملے کی خبروں پر تبصرے سے انکار کرتے ہوئے کہا تھا کہ واشنگٹن کسی بھی جارحانہ کارروائی میں ملوث نہیں ہے۔ دوسری جانب غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیل کی جانب سے ایران کے صوبے اصفہان پر میزائل حملوں کے بعد امریکی عہدیداروں نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر امریکی میڈیا کو بتایا تھا کہ اسرائیل نے امریکا کو ایران پر حملے کے منصوبے سے متعلق پیشگی وارننگ دی تھی۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز اسرائیل کی جانب سے ایران پر ڈرون حملہ کیا گیا جس کے بعد ایران کا فضائی دفاعی میزائل نظام فعال ہوا اور دفاعی نظام نے اصفہان فوجی اڈے پر داغے گئے تینوں ڈرون کو تباہ کردیا۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی