سابق بھارتی فاسٹ بولر ظہیر خان نے اپنے ٹاپ 5 ون ڈے بولرز کا انتخاب کیا ہے جن میں 2 پاکستانی فاسٹ بولرز بھی شامل ہیں تاہم حیران کن طور پر اس فہرست میں جسپریت بمراہ شامل نہیں ہیں۔اپنے ٹاپ 5 ون ڈے بولرز کی فہرست میں ظہیر خان نے وسیم اکرم، گلین میک گراتھ، وقار یونس، چمندا واس اور ڈیل اسٹین کے ناموں کا ذکر کیا۔ ایک پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے ظہیر خان نے کہا میرے ارد گرد بہت سے بین الاقوامی گیند باز رہے ہیں جو واقعی اچھا اثر ڈالتے تھے، واضح طور پر وسیم اکرم ان ناموں میں سے ایک ہے جو اس فارمیٹ کے بادشاہ تھے اور کیا زبردست یارکر پھینکتے تھے، ون ڈے کے وہ ایک عظیم گیند باز رہے ہیں۔وسیم اکرم نے پاکستان کے لیے 356 میچز کھیلے اور 502 وکٹیں حاصل کیں، وہ ون ڈے کی تاریخ میں 500 وکٹوں کا ہندسہ عبور کرنے والے پہلے بولر تھے۔اس کے علاوہ ظہیر خان نے باقی 4 بولرز کا تذکرہ کیا اور کہا کہ ان کی نظر میں یہ 5 بولرز ون ڈے کی تاریخ کے عظیم اور بہترین گیندباز رہے ہیں۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی