انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز مڈل آرڈر بلے باز جو روٹ نے کہا ہے کہ سری لنکن ٹیم کو تیسرے اور آخری ٹیسٹ میچ میں بھی شکست دیکر سیریز کلین سویپ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ مہمان ٹیم کو ابتدئی دو ٹیسٹ میچوں میں شکست دینے کے بعد ان کی ٹیم کے حوصلے بلند ہیں۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ان کی ٹیم نے تیسرے اور آخری ٹیسٹ میچ کے لئے حکمت عملی تیارکر رکھی ہے ۔انہوں نے کہا کہ انکی ٹیم میں ایسے کھلاڑی موجود ہیں جو کسی بھی وقت میچ کا پانسہ پلٹنے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں،33سالہ جو روٹ نے کہا کہ وہ مہمان ٹیم کے خلاف کھیلے گئے دونوں ٹیسٹ میچوں کی طرح تیسرے میچ میں بھی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کریں گے۔ انہوں ی نے کہا کہ وہ مکمل طور پر فٹ ہیں اور آئی لینڈرز کے خلاف تیسرے ٹیسٹ میچ میں شرکت کے لئے بے تاب ہیں،ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ مشن کلین سویپ کے مقصد کے حصول کے لئے انکی ٹیم کو تینوں شعبوں میں 100فیصد کارکردگی کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔ واضح رہے کہ انگلینڈ اور سری لنکا کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان تین ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کا تیسرا اور آخری ٹیسٹ میچ 6ستمبر سے لندن میں شروع ہوگا ۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی