سابق وفاقی وزیر سردار یار محمد رند کی طرف سے پاکستان کے پہلے کراٹے کومبیٹ ورلڈ چیمپین شاہ زیب رند کوایک مربع زرعی اراضی دینے کا اعلان، پوری قوم کی طرف سے سلام ،جان پر کھیل کر پاکستان کا نام دنیا میں بلند کیا۔وفاقی اور صوبائی سطح پر وزارت سپورٹس کا کردار شرمناک ،شاہ زیب کے ساتھ دہرا معیار کیوں اختیار کیا گیا۔وہ گزشتہ روز اپنی رہائش گاہ پر مارشل آرٹ میں ورلڈ چیمپین کا ٹائٹل جیتنے اور بلوچستان سے تعلق رکھنے والے شاہ زیب رندکے اعزاز میں ضیافت کے موقع پر انکے ہمراہ پریس کانفرنس کر رہے تھے۔انہوں نے کہا کہ یہ پاکستانی ہے اور بلوچستان سے تعلق رکھتا ہے۔اس نے اقوام عالم میں ورلڈ چیمپین ہونے کا ثبوت دیا ہے۔اس میں اس کی جان بھی جا سکتی تھی۔مگر اس نے پاکستان کا نام بلند کیا۔بلوچستان کے نوجوان سب سے زیادہ ٹیلنٹڈ ہیں،مگر ان کی حوصلہ افزائی نہیں کی جاتی ہے،انہوں نے کہا کہ وزیراعلی بلوچستان کہتا ہے کہ میں محب وطن ہوں میرا کوئی قوم اور قبیلہ نہیں ہے میں صرف بلوچستان کے لوگوں کے حقوق کے لیے کام کرتا ہوں،انہوں نے کہا کہ شاہ زیب کے پاس امریکہ جانے کے لیے ٹکٹ کے پیسے نہیں تھے۔مگر میں نے اس کی حوصلہ افزائی کی اور کہا کہ کھیل جاری رکھیں۔یہ متوسط گھرانے سے تعلق رکھتا ہے۔انہوں نے کہا کہ شاہزیب میرے گھر میں موجود ہے اور میرے بیٹوں جیسا ہے۔یہ انتہائی ٹیلنٹڈ بچہ ہے جس نے پوری دنیا میں پاکستان کا نام روشن کیا۔پاکستان کے 24کروڑ عوام اس پر فخر کرتے ہیں۔اس نے بچپن سے لے کر آج تک محنت کی اور یہ مقام حاصل کیا۔مگر حکومت کی جانب سے اس کی اس طرح سے حوصلہ افزائی نہیں کی گئی جس طرح کے دیگر ورلڈ ٹائٹل جیتنے والے سپورٹس میں حصہ لینے والے نوجوانوں کی کی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ جس طرح اس کا ایئرپورٹ پر استقبال کیا گیا اس سے میں سخت مایوس ہوا ہوں۔انہوں نے کہا کہ شاہ زیب نے پاکستان کا نام دنیا میں بلند کیا ہے مگر اس کی اس طرح سے حوصلہ افزائی نہیں کی گئی جس طرح سے ہونی چاہیے تھی۔اس موقع پر سابق وفاقی وزیر سردار یار محمد رند نے بلوچستان میں اپنے گاوں میں انہیں ایک مربع زمین الاٹ کرنے کا اعلان کیااور کہا کہ جیسے ہی گاوں پہنچوں گا سب سے پہلے یہ زمین شاہزیب رند کے نام پر رجسٹری کراوںگا۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی