i کھیل

سر فخر سے بلند کردیا، ارشد ندیم کی فتح پر کرکٹرز کا شاندار خراج تحسینتازترین

August 09, 2024

قومی ایتھلیٹ ارشد ندیم کے اولمپکس گیم میں گولڈ میڈل حاصل کرنے پر کرکٹرز نے انہیں شاندار کراج تحسین پیش کیا ہے۔ سابق کپتان سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ ارشد ندیم نے 32 سال بعد اولمپکس گیم میں میڈل جیت کر ہمارا سر فخر سے بلند کردیا۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر بیان جاری کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آپ نے دنیا کو دکھا دیا کہ ہم کیا کرنے کے قابل ہیں۔ چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی کے ایڈوائزر و سابق فاسٹ بالر وقار یونس کا کہنا تھا کہ یہ کتنا حسین اتفاق ہے کہ آپ پاکستان کی سالگرہ کے موقع پر گولڈ میڈل گھر لارہے ہیں، میرے پاس اس چیمپئن کے لیے کوئی الفاظ نہیں ہیں۔ سابق فاسٹ بالر وسیم اکرم نے کہا کہ یہ بہترین کامیابی ہے،92.97 میٹرز کی تھرو کو ہمیشہ تاریخ میں یاد رکھا جائے گا، آپ نے پاکستان کا سر فخر سے بلند کیا ہے۔ سابق کپتان اظہر علی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ ارشد ندیم ہمیں آپ سے محبت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم نے 40 سال تک میڈل کا انتظار کیا ، آپ تعریف کے مستحق ہیں۔ ٹیسٹ میچ کے کپتان شان مسعود نے کہا ہے کہ ارشد ندیم، آپ ہمارے سب سے بڑے ہیرو ہیں، یہ پاکستان کی سب سے بڑی کامیابی کے طور جانا جائے گا، پاکستان زندہ باد۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی