قومی ٹیم کے کھلاڑی حارث روف نے کہا ہے کہ ہم پر تنقید کرنا عوام کا حق ہے لیکن جتنا سوشل میڈیا سے دور رہتے ہیں زندگی بھی اتنی آسان رہتی ہے۔ قومی فاسٹ بالر حارث روف کا کہنا تھا کہ ہمارے لیے فٹنس کا ہونا کافی ضروری ہے، کاکول کیمپ میں جو بتایا جا رہا ہے اس پر عمل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم یہاں آئے ہی سخت ٹریننگ کیلئے ہیں، نیشنل اکیڈمی میں سکلز پر کام ہوتا ہے لیکن یہاں ہم صرف فٹنس پر توجہ دے رہے ہیں، پہاڑی پر چڑھنے والی ٹریننگ سے ہمیں فائدہ ہو رہا ہے۔ حارث رف نے کہا کہ ابتدا میں انجری کی وجہ سے ٹریننگ نہیں کی تھی، کندھے کی انجری سے کافی حد تک ری کور کر چکا ہوں، ابھی مزید سٹرینتھ بحال کرنے پر کام کر رہا ہوں، ابھی بالنگ شروع نہیں کی مگر ویٹ ٹریننگ شروع کرچکا ہوں، دو ہفتوں میں بالنگ بھی شروع کردوں گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ آرمی میں آنے کی خواہش تھی مگر کامیاب نہ ہوسکا، آج جس مقام پر ہوں لاہور قلندرز کی وجہ سے ہوں اگر ٹرائل میں موقع نہ ملا ہوتا تو عام سی نوکری کررہا ہوتا۔ حارث رف کا کہنا تھا کہ ورلڈ کپ بڑا ایونٹ ہے، ہر کسی کی خواہش ہوتی ہے کہ وہاں پرفارم کرے، جب پاکستان کی جانب سے پہلا گیند کر رہا تھا تو کافی دبا تھا۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی