بھارتی اداکار منجوت سنگھ کا کہنا ہے کہ فلم انڈسٹری میں سکھ اداکاروں کے کردار پر مبنی تعصبات کو ختم کرنے کی ضرورت ہے، سکھ صرف کامیڈی کرنے کیلئے نہیں ہیں۔اپنے تازہ انٹرویو کے دوران انہوں نے کہا کہ انڈسٹری میں لوگ آپ کو کیسے دیکھتے ہیں، یہ آپ کے ادا کیے گئے کرداروں پر منحصر ہوتا ہے، آپ کو کچھ کرکے دکھانا پڑتا ہے، تب ہی لوگوں کے ذہن میں تاثر بدلتا ہے اور اس کیلئے ضروری ہے کہ آپ کو وہ مواقع بھی ملیں۔منجوت سنگھ کا کہنا تھا کہ سکھ اداکاروں کیلئے خصوصی کردار نہیں ہونے چاہئیں۔ اسکرپٹ لکھتے وقت یہ نہیں سوچنا چاہیے کہ ایک اداکار ہے اور ایک سردار اداکار ہے۔ میں اس فرق کو ختم کرنا چاہتا ہوں۔ ایک سکھ اور غیر سکھ دونوں کو کاسٹ کیا جا سکتا ہے۔ خاص طور پر جب سردار کا کردار ہوگا تب ہی بلائیں گے، یہ سب مجھے تکلیف دیتا ہے۔ انہوں نے کہا میری برسوں سے فلم سازوں سے لڑائی تھی کہ کچھ سنجیدہ کردار دو۔ سکھوں کو صرف مزاحیہ یا ہلکے پھلکے کرداروں میں دکھانا ضروری نہیں، وہ سنجیدہ کردار بھی ادا کر سکتے ہیں، دلجیت دوسانجھ اسکی بڑی مثال ہیں۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی