i کھیل

سینٹرل ایشین والی بال لیگ کا اسلام آباد میں انعقاد کا فیصلہتازترین

April 22, 2024

پاکستان والی بال فیڈریشن کے چیئرمین چوہدری محمد یعقوب نے سینٹرل ایشین لیگ آئندہ ماہ اسلام آباد میں منعقد کروانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کو ایشیا کی بہترین ٹیم بنانا چاہتے ہیں ، حکومت مالی معاونت کرے۔ اسلام آباد میں قومی والی بال ٹیم کے تربیتی کیمپ کے دورے کے موقع پر میڈیا نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوے چوہدری یعقوب نے کہا کہ سینٹرل ایشین والی بال لیگ 11سے 17مئی تک اسلام آباد میں کھیلی جاے گی۔ جس میں میزبان پاکستان کیساتھ ساتھ ایران، ترکمانستان، سری لنکا، قازقستان، افغانستان، کرغستان کی ٹیمیں شرکت کریں گی جبکہ امید ہے کہ بھارت بھی اپنی ٹیم پاکستان بھیجے گا۔ چوہدری محمد یعقوب نے والی بال کھیل کی بہتری کیلیے حکومت سے مالی معاونت کی درخواست کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو ایشیا کی بہترین ٹیم بنانا چاہتے ہیں اور محدود وسائل کے باوجود قومی ٹیم کو ہر ممکن سہولیات فراہم کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایشین لیگ کی تیاریوں کیلیے قومی ٹیم کا تربیتی کیمپ جاری ہے ، ایونٹ میں ایران ایک مضبوط ٹیم ہے اسکے باوجود ایشین لیگ میں کامیابی کیلیے پاکستان پر امید ہے۔ دوسری ایشین لیگ کے کامیاب انعقاد کیلے تمام انتظامات کو حتمی شکل دیدی ہے، ایونٹ سے پاکستان کا سافٹ امیج اجاگر ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان ٹیلنٹ کو انٹرنیشنل ایونٹس فراہم کر رہے ہیں ، ہماری کوشش ہے کہ محدود وسائل کے باوجود پاکستان زیادہ سے زیادہ انٹرنیشنل ایونٹس کھیلے. برازیلین کوچ کے جانے کے بعد اب ارجنٹائن کوچ کی خدمات لی ہیں امید ہے کہ انٹرنیشنل ایونٹس میں قومی ٹیم کی کارکردگی پہلے سے بہتر ہوگی۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی