فیفا ورلڈ کپ کے دوسرے سیمی فائنل میں فرانس کے ہاتھوں شکست کے باوجود مراکش کے کھلاڑیوں نے گراونڈ میں سجدہ ریز ہوکر مداحوں کے دل جیت لیے۔ سیمی فائنل کے پہلے ہاف میں فرانس نے پانچ منٹ کے اندر ہی گول کرکے مراکش کی ٹیم پر پریشر بڑھا دیا تھا جبکہ دوسرے ہاف میں 79 ویں منٹ میں فرانس نے ایک اور گول داغ کر اپنی فتح یقینی بنائی، فرانس کے ہاتھوں میگا ایونٹ کے اہم میچ میں شکست کے باوجود مراکش کے کھلاڑیوں نے اپنی روایت برقرار رکھتے ہوئے گراونڈ میں سجدے کیے۔ سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیوز اور تصاویر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ میچ کے بعد گراونڈ سے باہر جانے سے قبل مراکشی کھلاڑیوں نے پہلے اپنے فینز کا شکریہ ادا کیا اور پھر سجدہ ریز ہوئے۔ مراکش کے کھلاڑیوں کے اس عمل کو مداحوں کی جانب سے خوب سراہا جارہا ہے ۔ واضح رہے کہ فیفا ورلڈکپ کی تاریخ میں مراکش کی ٹیم سیمی فائنل میں پہنچنے والی پہلی عرب اور افریقی ٹیم تھی۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی