معروف اداکارائوں سجل علی اور زارا نور عباس نے کراچی میں باحجاب خاتون کو ہراساں کرنے کے واقعے پر اپنی شدید برہمی کا اظہار کیا ہے۔ فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر اداکارہ سجل علی نے انسٹااسٹوری شیئر کرتے ہوئے کراچی میں دن دیہاڑے بچے کے ساتھ موٹر سائیکل پر سوار شخص کی راہ چلتی باحجاب خاتون کو جنسی طور پر ہراساں کرنے پر افسوس اور مایوسی کا اظہار کیا ہے۔انہوں نے اپنی انسٹا اسٹوری میں لکھا ہے کہ میرا اس قوم سے بھروسہ اور ملک پر سے اعتماد ختم ہو رہا ہے، یہ دیکھ کر مزید خوف آتا ہے کہ مردوں کے لیے عورتوں اور بچوں کو ہراساں کرنا کتنا عام ہو گیا ہے۔ معروف اداکارہ زارا نور عباس نے انسٹاگرام کی اسٹوری پر واقعے کی ویڈیو شیئر کی اور کیپشن میں سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے لکھا موٹرسائیکل پر بٹھا کر ہراساں کرنے والوں کی ایک اور نسل کو بڑھایا جارہا ہے ۔زارا نور نے لکھا بچے کٹھ پتلی ہوتے ہیں جو ان کے سامنے کیا جائے وہ وہی اپناتے ہیں اور یہ بائیک پر بیٹھا شخص اس بچے کے لیے مثال بن رہا ہے۔اداکارہ نے شدید غصے میں کہا کاش کہ مجھے قتل کی اجازت ہوتی۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی