برصغیر پاک و ہند کے لیجنڈری گلوکار و شہنشاہ غزل استاد مہدی حسن کی بارہویں برسی جمعرات کو منائی گئی۔مہدی حسن کا تعلق موسیقی کے کلاونت گھرانے سے تھا۔ وہ ہندوستان کی ریاست جے پور کے ایک گاں لونا میں 18 جولائی 1927 کو پیدا ہوئے تھے۔مہدی حسن کے والد کا نام عظیم خان تھا اور ان کا تعلق بھی موسیقی کی دنیا سے تھا۔انہوں نے ابتدائی تعلیم اپنے والد عظیم خان اور چچا اسماعیل خان سے حاصل کی۔ قیام پاکستان کے بعد مہدی حسن لاہور چلے آئے۔ انہوں نے 1957 میں کراچی میں ریڈیو پاکستان سے باقاعدہ گلوکاری کا آغاز کیا۔ 1962 میں فلم فرنگی کے گیت گلوں میں رنگ بھرے بادِ نور بہار چلے مہدی حسن کی پہلی مشہور غزل تھی۔ دنیا میں جہاں جہاں غزل گائی اور سنی جاتی ہے وہاں مہدی حسن کی مدھر آواز کا جادو سر چڑھ کر بولتا ہے۔ ان کا گیت اک حسن کی دیوی سے مجھے پیار ہوا تھا سب سے زیادہ مشہور گانوں میں شمار ہوتا ہے۔مہدی حسن نے اپنی زندگی میں 25 ہزار سے زائد فلمی گیت اور غزل گائیں۔ انہیں حکومت پاکستان کی جانب سے تمغہ حسن کارکردگی اور ہلال امتیاز سمیت تمام نمایاں قومی سطح کے ایوارڈ سے نوازا گیا۔ یہ عظیم گلوکار طویل علالت کے بعد 13 جون 2012 کو کراچی میں اپنے خالق حقیقی سے جا ملا۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی