محمد حفیظ کئی ماہ گزرنے کے باوجود اپنے واجبات کے منتظر ہیں جب کہ پی سی بی نے سابق ٹیم ڈائریکٹر کو معاوضہ نہ ہی ڈیلی الاونس دیا۔ ذکا اشرف جب مینجمنٹ کمیٹی کے سربراہ تھے تو انھوں نے محمد حفیظ کو ٹیم ڈائریکٹر کی ذمہ داری سونپی، دورہ آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں ہیڈ کوچ کی ذمہ داری بھی انھوں نے سنبھالی، کینگروز کے دیس میں ٹیم شان مسعود کی زیرقیادت تینوں ٹیسٹ ہار گئی، کیویز نے شاہین شاہ آفریدی الیون کو ٹی ٹوئنٹی سیریز میں 1-4 سے زیر کیا۔ ذکا اشرف کی جگہ جب محسن نقوی نے پی سی بی کے سربراہ کی ذمہ داری سنبھالی تو غیرملکی کوچ لانے کا عندیہ دیا، اس سے حفیظ کا عہدے پر برقرار نہ رہنا یقینی ہوگیا، فروری میں انھوں نے سوشل میڈیا پوسٹ کے ذریعے اعلان کیا کہ نئے چیئرمین کے آنے پر ان کی چار سالہ ذمہ داری صرف 2 ماہ تک ہی محدود رہی۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی