پریذیڈنٹ کپ ون ڈے ٹورنامنٹ(آج) بدھ کے روز راولپنڈی اور ایبٹ آباد میں شروع ہوگا ، تورنامنٹ کا فائنل 12مئی کو کھیلا جائے گا۔ 50اوورز پر مشتمل اس ٹورنامنٹ میں سات ڈپارٹمنٹل ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں جن میں سوئی ناردن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ (ایس این جی پی ایل ) واپڈا ، پی ٹی وی ،اسٹیٹ بینک، ہائر ایجوکیشن کمیشن،کے آر ایل اور غنی گلاس شامل ہیں۔ ایس این جی پی ایل کی ٹیم جس نے اس سیزن میں چار روزہ فرسٹ کلاس پریذیڈنٹ ٹرافی جیت رکھی ہے اس سیزن کا اختتام ایک اور ٹرافی کے ساتھ کرنے کی کوشش کرے گی۔ٹورنامنٹ میں شریک سات ٹیمیں سنگل رائونڈ رابن فارمیٹ کے تحت مقابلہ کریں گی۔ 21لیگ میچوں کے بعد چار ٹیمیں سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کریں گی۔ لیگ میچز شعیب اختر اسٹیڈیم ، راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم اور ایبٹ آباد کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے ۔ سیمی فائنلز اور فائنل کے مقامات کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔واپڈا کی قیادت احمد شہزاد کریں گے۔ عثمان صلاح الدین اسٹیٹ بینک کی قیادت کریں گے ۔کے آر ایل کے کپتان روحیل نذیر ہونگے ۔غنی گلاس کی ٹیم معیز غنی کی قیادت میں کھیلے گی۔ محمد حریرہ ہائر ایجوکیشن کی قیادت کریں گے۔ پی ٹی وی کے کپتان شامل حسین اور ایس این جی پی ایل کے کپتان سعود شکیل ہیں۔ٹورنامنٹ میں مجموعی طور پر پچیس لاکھ روپے کی انعامی رقم رکھی گئی ہے ۔فاتح ٹیم کو ٹرافی کے ساتھ پندرہ لاکھ روپے کا چیک ملے گا۔ ڈومیسٹک کرکٹ آپریشنز کے ڈائریکٹر عبداللہ خرم نیازی کا کہنا ہے کہ فرسٹ کلاس ٹورنامنٹ کے کامیاب انعقاد کے بعد یہ ون ڈے ٹورنامنٹ ، ڈپارٹمنٹل کرکٹ کی واپسی اور بحالی کے ضمن میں ایک مثبت قدم ہے۔ جس کا ہر کسی کو خیرمقدم کرنا چاہیے۔ان کا کہنا ہے کہ ڈپارٹمنٹل کرکٹ کی واپسی پی سی بی کے چیئرمین کی ملک بھر میں ڈومیسٹک کرکٹ کو دوبارہ متحرک کرنے کی پالیسی کے مطابق ہے جس سے نوجوان کھلاڑیوں کے لیے زیادہ مواقع اور نئے ٹیلنٹ کے ابھرنے کے زیادہ امکانات ہوں گے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی