i کھیل

ڈپریشن کی وجہ سے نومولود بیٹی کی جان لینا چاہتی تھی، ثروت گیلانی کا انکشافتازترین

July 01, 2024

معروف اداکارہ ثروت گیلانی نے انکشاف کیا ہے کہ وہ ڈپریشن کی وجہ سے اپنی نومولود بیٹی کو جان سے مارنا چاہتی تھی۔حال ہی میں ثروت گیلانی نے نجی ٹی وی چینل کے مارننگ شو میں بطورِ مہمان شرکت کی جہاں انہوں نے دورانِ حمل اور بچے کی پیدائش کے بعد ہونے والے ڈپریشن کے بارے میں بات کی۔ثروت گیلانی نے کہا کہ مجھے پہلے دو بیٹوں کی پیدائش کے بعد پوسٹ پارٹم ڈپریشن نہیں ہوا اور اسی وجہ سے مجھے اس کے بارے میں کوئی علم بھی نہیں تھا لیکن اس بار جب بیٹی کی پیدائش ہوئی تو مجھے شدید پوسٹ پارٹم ڈپریشن ہوا۔اداکارہ نے کہا کہ میں پیدائش کے چار دن بعد اپنی بیٹی سے اسپتال میں ملی تھی کیونکہ میری بھی سرجری ہوئی تھی اور میری نومولود بیٹی کی طبیعت بھی ٹھیک نہیں تھی، اسی وجہ سے ڈاکٹروں نے ہم دونوں کو الگ الگ وارڈ میں داخل کیا ہوا تھا۔انہوں نے کہا کہ میری نومولود بیٹی کو ماں کے دودھ کی طلب تھی جبکہ میں شدید ڈپریشن میں تھی، جب میں نے اپنی بیٹی کو گود میں لیا تو میرے دل میں خیال آیا کہ میں اِسے نیچے گِرا دوں تاکہ یہ مر جائے۔ثروت گیلانی نے کہا میں نے اپنے شوہر کو اپنی کیفیت بتائی جس پر انہوں نے مجھے کہا کہ تم پریشان نہیں ہو، تمہیں پوسٹ پارٹم ڈپریشن ہوا ہے کچھ دن کا ہے اس کے بعد، تم بالکل ٹھیک ہوجا ئوگی۔ اداکارہ نے کہا کہ اس وقت مجھے پوسٹ پارٹم ڈپریشن کے بارے میں معلوم ہوا، میں چاہتی ہوں کہ ہر مرد اور عورت کو اس بارے میں آگاہی لازمی ہونی چاہیے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی