شائقین کرکٹ اور میوزک کے مداحوں کے لیے خوشخبری یہ ہے کہ گلوکار علی ظفر کی پانچ سال بعد ایچ بی ایل پی ایس ایل میں واپسی ہو رہی ہے۔ علی ظفر اس سال آفیشل طور پر پاکستان سپر لیگ کے نویں سیزن کا ترانہ گائیں گے جس کی تصدیق پی ایس ایل کے مصدقہ سوشل میڈیا اکانٹس سمیت خود گلوکار کی جانب سے بھی کی گئی ہے۔ پی ایس ایل کے انسٹاگرام اکانٹ سے علی ظفر کی جاری کردہ مختصر ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ گلوکار پیانو پر ایک دھن بجا رہے ہیں جب کہ کیپشن میں عندیہ دیا گیا ہے کہ انہوں نے لیگ کے آفیشل ترانے کی تیاری شروع کردی ہے۔ کیپشن میں لکھا تھا 'سیٹی تو بجے گی، علی ظفر اپنے جادوئی انداز میں پی ایس ایل کے نویں سیزن کے ترانے کے لیے تیار ہیں'۔ سوشل میڈیا پر یہ خبر سامنے آتے ہی مداحوں کی جانب سے اپنی خوشی کا بھرپور اظہار کیا گیا، شائقین کا کہنا ہے کہ انہیں کب سے انتظار تھا کہ علی واپس آئیں اور پاکستان سپر لیگ کا ترانہ اپنی آواز میں گائیں۔ دوسری جانب پاکستان گلوکارہ آئمہ بیگ علی ظفر کے ساتھ اس سیزن کا گانا گائیں گی، اس کا اندازہ آئمہ کی حالیہ انسٹاگرام اسٹوریز سے لگایا جاسکتا ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی