پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ کے مین آف دی میچ جارج لینڈے نے اسٹیڈیم جانے والی بس مس کردی تھی۔ جارج لینڈے کو کم بیک کے لیے 3 سال، تین ماہ اور دو دن انتظار کرنا پڑا مگر جب انہیں ایک طویل عرصے بعد موقع ملا تو انہوں نے اسٹیڈیم جانے والی ٹیم کی بس مس کردی جس کے بعد جارج پولیس کی مدد سے بس پکڑنے میں کامیاب ہوئے اور اسٹیڈیم پہنچے۔ اس حوالے سے جارج لینڈے نے بتایا کہ کسی وجہ سے میرا فون ٹائم سے 15 منٹ پیچھے تھا، میں نے خود سے کہا کہ کہ ٹھیک ہے میں چار بجے نیچے جائوں گا اور وقت سے پہلے بس میں بیٹھ جاوں گامگر جب میں ہوٹل سے باہر آیا تو دیکھا کہ بس جا رہی ہے۔جارج نے کہا کہ بس کو جاتا دیکھنا میرے لیے کوئی اچھا احساس نہیں تھا، خوش قسمتی سے پولیس اسکارٹ وہاں موجود تھی جو مجھے بس تک لے گئے مگر یہ میرے لیے بڑی شرمندگی کی بات تھی، میں آئندہ لیٹ نہیں ہوں گا۔ خیال رہے کہ جارج لینڈے نے پاکستان کے خلاف پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں 24 گیندوں پر 48 رنز بنائے اور انہوں نے 21 رنز دے کر 4 وکٹیں بھی حاصل کیں۔
کریڈٹ : انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی