i کھیل

پیرس اولمپکس ،تیاریاں عروج پر پہنچ گئیں،32کھیلوں کے329ایونٹس میںساڑھے10ہزار ایتھلیٹس شرکت کریں گےتازترین

July 22, 2024

پیرس اولمپکس گیمز 26جولائی سے فرانس کے دارالحکومت پیرس میں شروع ہوں گی جو 11اگست تک جاری رہیں گی۔ پیرس اولمپکس گیمز کا کائونٹ ڈائون جاری ہے ،کھیلوں کے بڑے میلے کو سجنے میں 3دن باقی رہ گئے ہیں۔ فرانسیسی دارالحکومت اپنی تاریخ میں تیسری بار دنیا کے سب سے بڑے کھیلوں کے ایونٹ کے کامیاب انعقاد کے لیے مصروف ہے۔ رنگا رنگ افتتاحی تقریب 26جولائی کو ہو گی، پیرس اولمپکس گیمز کی انتظامیہ کے مطابق کھیلوں کے سب سے بڑے میلے کو سجانے کے لئے بھرپور تیاریاں اپنے آخری مراحل میں ہیں۔ پیرس اولمپکس گیمز میں32کھیلوں کے329ایونٹس ہوں گے جن میں دنیا بھر سے تقریبا ساڑھے10ہزار ایتھلیٹس شرکت کریں گے۔ پیرس اولمپکس جن کے آغاز میں اب3دن کا وقت رہ گیا ہے ، میں شرکت کرنے والے کئی ایتھلیٹس نے اولمپک گیمز کے دوران متوقع ہیٹ ویو پر خدشات کا اظہار کیا ہے ۔ورلڈ ایتھلیٹکس کے صدر سیباسٹین کو نے کہا کہ اولمپک گیمز کے دوران زیادہ درجہ حرارت ایتھلیٹس کے لئے نیند میں خلل سے لے کر تنائو اور زخمی ہونے تک کے خطرات پیدا کر سکتا ہے۔اس کے علاوہ گرمی کی شدت عوام کے لیے بھی خطرے کا باعث بن سکتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اولمپک گیمز کے موقع پر لاکھوں شائقین پیرس میں جمع ہوں گے۔

ایتھلیٹس کے خدشات کو مد نظر رکھتے ہوئے پیرس اولمپکس 2024کی آرگنائزنگ کمیٹی نے آنے والے دنوں اور ہفتوں کے دوران تیاریوں کے عمل کو مزید تیز کردیا ہے ، اہم سہولیات اور مقامات میں مین پریس سنٹر، انٹرنیشنل براڈکاسٹ سنٹر اور اولمپک ولیج شامل ہیں جس میں 14,000سے زیادہ رہائشیوں کی جگہ بنائی جائے گی جن میں ایتھلیٹس، کوچز، معاون عملہ اور اہلکار رہیں گے جبکہ دیگر مقامات کو بھی پایہ تکمیل تک پہنچایا جا رہا ہے۔پیرس اولمپکس 2024کی آرگنائزنگ کمیٹی کے مین آپریشن سینٹرنے رواں سال اپریل کے وسط سے ہی کام شروع کر دیا تھا ۔پیرس کے اہم مقامات جیسے کنکورڈ اور ٹروکاڈرو پبلک سکوائرز، انویلائیڈز یادگار اور ایفل ٹاور پر عارضی سہولیات کی تعمیر مکمل ہونے کے قریب ہے۔ ان کاموں میں باسکٹ بال، سکیٹ بورڈنگ،بی ایم ایکس اور بریک ڈانسنگ جیسے ایونٹس کے لیے 37,000تماشائیوں کی گنجائش کے لیے عارضی گرائونڈ سٹینڈز شامل ہیں۔ حکام نے شہر کے بڑے حصوں کو پیدل چلنے والوں کے لیے دوستانہ بنانے کے لیے راستے بھی بنائے ہیں۔مقابلوں کی جگہ پر کوالیفائنگ شیڈول کا 80فیصد سے زیادہ کام مکمل ہو چکا ہے جو 8000سے زیادہ اتھلیٹس کی نمائندگی کر ے گا۔ کھیلوں کے میگا ایونٹ کے بقیہ سلاٹس کی تصدیق جون کے آخر تک ہو جائے گی اور قومی کمیٹیوں کے پاس اپنے کھلاڑیوں کو رجسٹر کرانے کے لیے 8جولائی تک کا وقت ہے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی