پیرس اولمپک گیمز میں شریک تین اسرائیلی ایتھلیٹس کو جان سے مارنے کی دھمکیاں ملی ہیں اور فرانسیسی پولیس نے ان دھمکیوں کی تحقیقات شروع کر دی ہیں اور ایتھلیٹس کو سخت سکیورٹی فراہم کی جارہی ہے۔پیرس کے پراسیکیوٹرز کے دفتر سے جاری بیان کے مطابق اینٹی سائبر کرائم افسران اسرائیلی ایتھلیٹس کی ذاتی معلومات سوشل نیٹ ورکس پر جاری کئے جانے کی بھی تحقیقات کر رہے ہیں اور اسے ہٹانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ اسرائیلی حکام نے اپنے ایتھلیٹس کے ذاتی ڈیٹا کے سوشل میڈیا پر جاری کرنے کا الزام ایرانی ہیکرز پر عائد کیا ہے اور اسرائیل کے وزیر خارجہ نے اپنے فرانسیسی ہم منصب کو پیرس اولمپک گیمز کے دوران اسرائیلی ایتھلیٹس اور سیاحوں کو نشانہ بنانے کے خدشات سے آگاہ کیا ہے۔ ادھر اقوام متحدہ میں ایرانی مشن نے اسرائیلی الزامات کی تردید کی ہے۔ فرانسیسی حکام کے مطابق گیمز میں حصہ لینے والے اسرائیلی ایتھلیٹس کو ایلیٹ ٹیکٹیکل یونٹس کے ذریعے ایونٹس میں لے جایا جا رہا ہے اور انہیں اولمپکس کے دوران 24 گھنٹے تحفظ دیا جا رہا ہے جبکہ اسرائیلی خفیہ ادارے شین بیت کے ارکان بھی اسرائیلی ایتھلیٹس کو سکیورٹی کی فراہمی میں مدد کر رہے ہیں۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی