پاکستانی سٹریٹ چلڈرن فٹبال ٹیم نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے وطن عزیز کا نام دنیا بھر میں روشن کردیا، سٹریٹ چلڈرن انڈر17 فٹبال ٹیم نے ناروے کپ میں دوسری پوزیشن حاصل کرلی۔ ناروے کپ دنیا کا سب سے بڑا یوتھ ٹورنامنٹ منعقد کراتا ہے، ٹیم نے شاندار کارکردگی کامظاہرہ کرکے60 ٹیموں میں سے دوسری پوزیشن حاصل کی۔ مسلم ہینڈز فانڈیشن کے مطابق ٹیم کی عمدہ کارکردگی وہاں پاکستانی نوجوانوں کیلئے حوصلے کاباعث بنی، فٹبال میں ایسا اعزاز پاکستان کیلئے نہایت قابل فخربات ہے۔ سربراہ مسلم ہینڈز فانڈیشن نے کہا کہ ایونٹ میں ایسے بچے شریک کئے جاتے ہیں جوعموما محنت مزدوری کرکے خرچہ چلاتے ہیں، سٹریٹ چلڈرن فٹبال ٹیم میں شمولیت ان کوقومی ہیروز بناتی ہے۔ سربراہ میدان پراجیکٹ نے کہا کہ یہ اس پلیٹ فارم کی خوش آئندبات ہے، ناروے میں موسم کی سختی کے باوجود کھلاڑیوں کے حوصلے بلند تھے۔ ٹیم منیجر نے کہا کہ ہرطرح کے حالات اور چیلنجز کامقابلہ کرکے پاکستانی ٹیم نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ کپتان سٹریٹ فٹبال ٹیم کا کہنا تھا کہ میں نے 2 بار پاکستانی ٹیم کی نمائندگی کی جو نہایت قابلِ فخر ہے، پاکستانی ٹیم نے بلاشبہ ناروے میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا، آئندہ بھی ہماری ٹیم ہمیشہ ایسی کارکردگی کامظاہرہ کرتی رہے گی۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی