i کھیل

پاکستان میں چیمپئنز ٹرافی کا انعقاد نہیں ہونا چاہیئے ، راشد لطیفتازترین

December 09, 2024

قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان راشد لطیف نے کہا ہے کہ پاکستان میں اب چیمپئنز ٹرافی کا انعقاد نہیں ہونا چاہیئے، اس سے قبل کہ آئی سی سی منع کردے آپ از خود ہی انکار کردیں۔ کراچی میں ایک تقریب کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے سابق کپتان کا کہنا تھا کہ آئی سی سی اور بی سی سی آئی آپس میں ملے ہوئے ہیں، انہیں موقع مل گیا پاکستان کیساتھ کھیلنے کا، اتنے نیچے جاکر اب ہمیں چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی نہیں کرنی چاہیے۔ سابق کپتان کا کہنا تھا کہ اربوں روپوں سے سٹیڈیم بنائے جارہے ہیں، اربوں روپے گراس روٹ لیول پر خرچ کرنے کی ضرورت ہے، خواتین کرکٹ پر بھی توجہ دینی کی ضرورت ہے ،ہمارا المیہ ہے کہ پاکستان میں خواتین کا کوئی کرکٹ سٹیڈیم موجود نہیں۔راشد لطیف کا مزید کہنا تھا کہ مشتاق محمد پاکستان کرکٹ ٹیم کے سب سے عظیم کپتان تھے، مشتاق محمد نے کپتان بنائے اور کھلاڑی بھی بنائے، جاوید میانداد مشتاق محمد کی پرچھائی ہیں۔ راشد لطیف نے مزید کہا کہ یہ ہمارے لیے اچھا ہے کہ ہم چیمپئنز ٹرافی سے متعلق اپنا مقدمہ لڑ رہے ہیں لیکن مجھے یقین نہیں ہے کہ اگر بھارت میگا ایونٹ کا بائیکاٹ کرتا ہے تو ہم کہاں کھڑے ہوں گے"۔ راشد لطیف نے کلب کرکٹ پر توجہ دینے کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ "کلب کرکٹ میں اچھا تجربہ رکھنے والا کھلاڑی بہترین کپتان ہو سکتا ہے۔" نچلی سطح پر کرکٹ کی بہتری کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے راشد لطیف نے کہا کہ "اگر آپ گراس روٹ کرکٹ میں سرمایہ کاری نہیں کریں گے تو کوئی فائدہ نہیں ہوگا۔" ان کا کہنا تھا کہ "اگر گراس روٹ کرکٹ پر توجہ نہیں دی جائے گی تو آپ کو وسیم اکرم اور جاوید میانداد جیسا ٹیلنٹ نہیں ملے گا"۔

کریڈٹ : انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی