i کھیل

پاکستان بیس بال ٹیم کو یونائیٹڈ عرب کلاسک میں شرکت کیلئے این او سی مل گیا،ٹورنامنٹ آج سے10نومبر تک دبئی میں منعقد ہوگاتازترین

November 06, 2024

پاکستان کی بیس بال ٹیم کو پاکستان اسپورٹس بورڈ سے متحدہ عرب امارات میں ہونے والے بیس بال یونائیٹڈ عرب کلاسک میں شرکت کے لیے این او سی مل گیا۔ پاکستان فیڈریشن آف بیس بال کے سیکرٹری جنرل فخر شاہ نے تصدیق کی کہ 7 سے 10 نومبر تک دبئی میں ہونیوالے ٹورنامنٹ میں شرکت کے لیے این او سی جاری کیا گیا ہے۔اس ایونٹ میں 9 ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں جن میں پاکستان، بھارت، بنگلا دیش، سری لنکا، فلسطین، افغانستان، نیپال، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات شامل ہیں۔گروپ اے میں پاکستان، بھارت، بنگلا دیش، افغانستان اور یو اے ای جبکہ گروپ بی میں سعودی عرب، نیپال، سری لنکا اور فلسطین کی ٹیمیں شامل ہیں۔گروپ مرحلے کے اختتام پر ہر گروپ کی فاتح ٹیمیں براہ راست سیمی فائنل میں پہنچیں گی جبکہ دوسرے اور تیسرے نمبر پر آنے والی ٹیمیں کوارٹر فائنل میں حصہ لیں گی۔ورلڈ بیس بال کی عالمی درجہ بندی میں پاکستان اس وقت جنوبی ایشیا کی سب سے ٹاپ ٹیم ہے جو رینکنگ میں 36 ویں نمبر پر ہے جبکہ بھارت کا نمبر 70 ہے۔پاکستان کا مقابلہ اپنے روایتی حریف بھارت سے جمعہ 8 نومبر کو ہوگا، اس سے پہلے ٹیم اپنے ابتدائی میچز میں جمعرات کو بنگلا دیش اور یو اے ای سے ٹکرائے گی جبکہ افغانستان کے خلاف آخری گروپ میچ 9 نومبر کو کھیلا جائے گا۔پاکستانی ٹیم کے 18 رکنی دستے میں 14 کھلاڑی اور 4 آفیشلز شامل ہیں ۔ ٹیم بدھ کو دبئی روانہ ہوگی۔ کھلاڑیوں میں محمد امجد اسلم، محمد حسین، محمد یونس، محمد ذوہیب، وسیم اکرم، سید محمد شاہ، مشرف خان، جبران امان مرتضی، سید محب شاہ، فیصل حیات، حسین امام شاہ، سید علی شاہ، شہزاد احمد اور عمیر امداد بھٹی شامل ہیں۔فخر شاہ نے بتایا کہ منتظمین نے ابتدائی طور پر 18 افراد کی اجازت دی تھی مگر اب انہوں نے ڈگ آٹ کی گنجائش 25 تک بڑھا دی ہے تاہم میزبانی صرف 18 افراد کے اخراجات اٹھائے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ امید ہے کہ پاکستان ٹیم عرب کلاسک میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی