پاکستان 20 سالوں میں پہلی بار 2025 میں سہ فریقی ون ڈے سیریز کی میزبانی کرے گا،سیریز فروری 2025 میں آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی سے قبل پاکستان میں کھیلی جائے گی۔پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی)کے چیئرمین محسن نقوی کی جنوبی افریقا اور نیوزی لینڈ کے کرکٹ سربراہوں کے ساتھ ملاقات ہوئی۔ ملاقات کے دوران پی سی بی نے کہا کہ پاکستان دو دہائیوں میں پہلی بار کرکٹ سہ فریقی سیریز کی میزبانی کرنے والا ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ محسن نقوی نے کرکٹ جنوبی افریقہ کے چیئرمین لاسن نائیڈو اور نیوزی لینڈ کرکٹ کے چیئرمین راجر ٹوسے کے درمیان ملاقات میں تینوں ممالک کے درمیان ون ڈے سہ فریقی سیریز کے ایجنڈے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ مذکورہ سیریز فروری 2025 میں آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی سے قبل پاکستان میں کھیلی جائے گی۔ بیان میں کہا گیا کہ سہ فریقی سیریز کے فیصلے کو میزبان اور بورڈ کے دونوں اراکین نے حتمی شکل دی اور اس کا خیرمقدم کیا۔ محسن نقوی نے راجر ٹوسے اور لاسن نائیڈو کو پاکستان کا دورہ کرنے کی دعوت بھی دی۔ محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان، جنوبی افریقہ اور نیوزی لینڈ کے درمیان سہ فریقی سیریز ایک دلچسپ ایونٹ ہو گا اور طویل عرصے کے بعد پاکستان ایسے ٹورنامنٹ کی میزبانی کرے گا، میں نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقا کرکٹ بورڈ کے سربراہان کا شکریہ ادا کرنا چاہوں گا کہ انہوں نے سہ فریقی سیریز میں شرکت پر رضامندی ظاہر کی۔ نقوی نے مزید کہا کہ پی سی بی آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی 2025 کی میزبانی کا بھی منتظر ہے جو پاکستان کے لیے اپنی سرزمین پر ٹاپ 8 ون ڈے ٹیموں کی میزبانی کے لیے بڑی خوشی کی بات ہوگی۔ یاد رہے کہ آخری بار پی سی بی نے اکتوبر 2004 میں سہ فریقی سیریز کی میزبانی کی تھی، جس میں سری لنکا اور زمبابوے مہمان ٹیمیں تھے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی