پاک انگلینڈ پہلے ٹی 20 کی گیٹ منی سیلاب زدگان کو جائے گی جب کہ پی سی بی نے اعزازی ٹکٹس بھی تقسیم کردیں،میچ میں شائقین کی بڑی تعداد کے آنے کا امکان ہے، مقابلے کی تیاریوں کا سلسلہ گذشتہ شب تک جاری رہا، چیف کیوریٹر آغا زاہد کی نگرانی میں پچ کی تیاری کو حتمی شکل دے دی گئی، اشتہاری ہورڈنگز لگانے کاسلسلہ جاری رہا،غیرملکی براڈ کاسٹر عملے نے اپنی تنصیبات کا عمل مکمل کرلیا،اسٹیڈیم کے داخلی راستوں پر جمع شدہ برساتی پانی کی ہنگامی طور پر نکاسی مکمل کرلی گئی، اسٹیڈیم کے اطراف میں کھلے ہوئے مین ہولز اور سیوریج کے کھلے گٹر ہنوز تماشائیوں اور دیگر کے لیے خطرے کی علامات ہیں،سیریزکی تشہیر پر ہنوز خاموشی طاری رہی، نیشنل اسٹیڈیم کے قریب ایمرجنسی اسپتال قائم کردیا گیا،مرکزی عمارت کی دوسری منزل پر بھی چار بستروں کا اسپتال بنایا گیا ہے، مختلف انکلوژرز کے باہر تماشائیوں کی سہولت کے لیے فوڈ ایریا قائم کر دیا گیا،پولیس نے ٹریفک پلان جاری کردیا،ممکنہ طور پر پچ بیٹنگ کے لیے سازگار اور ٹاس جیتنے والی ٹیم کے لیے مددگار ثابت ہوگی۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی