پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا ہے کہ پاک بھارت میچ میں موسم کی وجہ سے پریشانی نہیں، بظاہر لگتا ہے اب بارش نہیں ہوگی۔ پاکستان اور بھارت کے میچ سے قبل کولمبو میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بابر اعظم نے کہا کہ ہم مسلسل کرکٹ کھیل رہے ہیں اور ہمارا فوکس میچ پر ہے، ہم نے ٹریول بھی بہت کیا، کھیل میں ایسا ہوتا ہے،کھلاڑیوں کا خیال رکھنا بہت ضروری ہے، سفر کا ہمیں پتا تھا، ہمیں یہاں کھیلنے کا فائدہ ہوسکتا ہے۔ پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان نے کہا کہ جو کھلاڑی منتخب کیے ہیں وہ بہترین ہیں، سلیکشن کے معاملے پر مشکل کا شکار نہیں ہوتے۔ بابر اعظم نے کہا کہ ہمارا فوکس اکٹھے رہنے، میچز اور ٹورنامنٹ جیتنے پر ہوتا ہے۔ کپتان نے کہا کہ ورلڈ کپ کے لیے ایشیا کپ کو دیکھ رہے ہیں، ہم ورلڈکپ کے لیے اپنا اسکواڈ تقریبا بنا چکے ہیں اور ٹیم کی بہتری کے لیے سب کام کرتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پلیئرز کے دل ٹوٹنے والی بات نہیں، جو بھی منتخب ہوں گے وہ بہترین ہی ہوں گے، کارکردگی کو دیکھتے ہوئے کھلاڑیوں کو ٹیم میں شامل کیا جاتا ہے، میچز اور ٹورنامنٹ فاسٹ بولرز جتواتے ہیں اور مجھے ان پر یقین ہے، ہر میچ میں ہر کوئی پرفارم نہیں کرسکتا۔ بابر اعظم کا کہنا تھا کہ ہماری بولنگ کا اسٹارٹ اچھا ہوتا ہے، کوشش ہوتی ہے مڈل میں بھی اچھا کرنے کی کوشش کیں، مڈل اوورز میں ہمیں وکٹیں ملنے کی ضرورت ہے لیکن ہم فنش اچھا کر رہے ہیں، افتخار احمد نے بھی اچھی بولنگ کی، مختلف کمبی نیشن آزما رہے ہیں اسی لیے ہم نے آل رانڈر فہیم اشرف کو کھلایا۔ خیال رہے کہ ایشیا کپ کے سپر فور مرحلے میں کل پاک بھارت میچ کولمبو میں شیڈول ہے، ذرائع کا بتانا ہے کہ اس میچ میں قومی پلیئنگ الیون میں کوئی تبدیلی متوقع نہیں ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی