دفاعی چیمپئن بارباڈوس رائلز ویمنز نے کیریبین پریمیئر لیگ کے دوسرے میچ میں ٹرنباگو نائٹ رائیڈرز ویمن کو7 وکٹ سے شکست دے کر لیگ میں مسلسل دوسری فتح حاصل کرلی ۔بارباڈوس رائلز ویمنز نے ٹرنباگو نائٹ رائیڈرز ویمن کی ٹیم کی طرف سے ملنے والے 114 رنز کا ہدف 17 اوور کی پہلی گیند پر 3وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔دفاعی چیمپئن بارباڈوس رائلز کی کپتان ہیلی میتھیوز کو ناقابل شکست 67 رنز سکور کرنے پر میچ کی بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ برائن لارا سٹیڈیم، تاروبا، ٹرینیڈاڈ میں کھیلے گئے ڈبلیو سی پی ایل کے دوسرے میچ میں دفاعی چیمپئن بارباڈوس رائلز ویمنزٹیم کی کپتان ہیلی میتھیوز نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ٹرنباگو نائٹ رائیڈرز کی خواتین ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 9وکٹوں کے نقصان پر 113 رنز بناکر بارباڈوس رائلز کو میچ میں کامیابی کے لئے 114 رنز کا ہدف دیا۔ شیکھا پانڈے نے 30 اور کپتان ڈینڈرا ڈوٹن نے 28 رنز بنائے۔ بارباڈوس رائلز کی چنیل ہنری، ہیلی میتھیوز اور امانڈاجیڈ ویلنگٹن نے عمدہ بائولنگ کرتے ہوئے دو، دو جبکہ عالیہ علینہ اور کیانہ جوزف نے ایک ،ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔جواب میں دفاعی چیمپئن بارباڈوس رائلز ویمنزٹیم کی کپتان ہیلی میتھیوز کی عمدہ بیٹنگ کی بدولت مطلوبہ ہدف 17 ویں اوور کی پہلی گیند پر ہی حاصل کر لیا۔ہیلی میتھیوز ناقابل شکست 67 رنزکے ساتھ نمایاں رہیں اور میچ کی بہترین کھلاڑی کا اعزاز پایا۔یہ دفاعی چیمپئن بارباڈوس کی ڈبلیو سی پی ایل میں مسلسل ددسری فتح ہے
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی