بنگلادیشی ویمن کرکٹ ٹیم کی میچ کے بعد رونے کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہونے لگیں۔ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے افتتاحی میچ میں بنگلادیش نے اسکاٹ لینڈ کو 16رنز سے ہرایا۔ 119 رنز کے جواب میں اسکاٹ لینڈ کی ٹیم 7 وکٹوں پر 103 رنز بنا سکی۔میڈیا رپورٹس کے مطابق گزشتہ روز ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا افتتاحی میچ جیتنے کے بعد بنگلہ دیش ویمنز کرکٹ ٹیم کی کپتان نگار سلطانہ جذباتی نظر آئیں۔رپورٹ کے مطابق بنگلہ دیش نے 10 سال سے زیادہ عرصے میں بڑے ٹورنامنٹ میں کوئی میچ نہیں جیتا تھا جس کی وجہ سے یہ جیت خاص تھی۔ نگار سلطانہ نے امید ظاہر کی کہ یہ فتح بنگلہ دیش میں خواتین کی کرکٹ کے لیے ایک اہم لمحہ ثابت ہوگی۔بنگلادیشی ویمن ٹیم کی کپتان کا کہنا تھا کہ 10 سال بعد فتح نے پوری ٹیم کو جذباتی کردیا۔ ہم ایک طویل عرصے سے اس لمحے کا انتظار کر رہے تھے۔ان کا کہنا تھا کہ اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا ہے کہ ہم کتنا اچھا کھیلتے ہیں، اگر ہم نہیں جیتتے تو یہ بے معنی محسوس ہوتا ہے۔ کپتان نگار سلطانہ کا مزید کہنا تھا کہ اس فتح نے ہمیں ایک روشن مستقبل اور اعتماد فراہم کیا ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی