پاکستانی کھلاڑی مہوش علی نے نورڈک جونیئر اوپن سکواش چیمپئن شپ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایونٹ کا ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔سویڈن میں منعقد ہونے والے ایونٹ کے فائنل میں مہوش نے فرانس کی سیکنڈ سیڈ کیارا بولینگر کو شکست دیکر فتح کا تاج اپنے سر سجایا۔کھیل کے دوران مہوش نے فیصلہ کن مقابلہ 0-3 سے اپنے نام کیا۔ ان کی کامیابی کا سکور 5-11، 7-11 اور 10-12 رہا۔اس سے قبل نورڈک اوپن کے گروپ ڈی میچز میں مہوش نے پہلی کامیابی ناروے کی ویلڈ اوڈے کے خلاف حاصل کی پھر انہوں نے ڈنمارک کی کامیلا تھامسن کو بھی 0-3 سے شکست دی۔کوارٹر فائنل میں مہوش نے اپنی بہن ماہ نورعلی کو سخت مقابلے کے بعد ہرایا جبکہ سیمی فائنل میں بیلجیئم کی ایلس الارڈ کو شکست دیکر فائنل میں پہنچیں۔نورڈک جونیئر اوپن سکواش چیمپئن شپ کے فائنل میں فرانس کی کیارا بولینگر کو ہرا کر مہوش علی چیمپئن بن گئیں۔نورڈک اوپن میں ان کی بہنوں نے بھی شاندار کارکردگی دکھائی، سحرش چوتھی اور ماہ نور پانچویں پوزیشن پر آئیں۔مہوش نے گزشتہ ماہ ڈینش جونیئر سکواش چیمپئن شپ میں برانز میڈل بھی جیتا تھا۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی