i کھیل

مجھے نہیں لگتا کہ میں پاکستانی ورلڈ کپ سکواڈ میں شامل ہوں گا، حسن علیتازترین

May 22, 2023

پاکستان کے نامور فاسٹ بالر حسن علی کو یقین نہیں ہے کہ وہ اس سال کے آخر میں بھارت میں شیڈول ون ڈے ورلڈ کپ 2023 کے لیے قومی سکواڈ کا حصہ ہوں گے۔ ایک انٹرویو میں حسن علی نے اس یقین کا اظہار کیا کہ انہیں میگا ایونٹ کے لیے ٹیم میں شامل کیے جانے کا امکان نہیں ہے، کیونکہ پلان کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔ حسن علی کا کہنا تھا کہ "ہمارے پاس ورلڈ کپ سے پہلے محدود ون ڈے میچز باقی ہیں، اور ایشیا کپ کی حیثیت اس کے مقام سمیت غیر یقینی ہے، وقت بھی کم رہ گیا ہے" ۔ دائیں ہاتھ کے پیسر نے ریمارکس دیئے کہ موجودہ بالنگ سیٹ اپ ون ڈے کرکٹ میں غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کر رہا ہے، جو میگا ایونٹ کے لیے سکواڈ میں جگہ کا مستحق ہے۔ قومی ٹیم میں ان کی ممکنہ واپسی کے بارے میں پوچھے جانے پر حسن علی نے موجودہ بولنگ لائن اپ کی وجہ سے ریڈ بال اسکواڈ میں واپسی کے بارے میں غیر یقینی کا اظہار کیا۔ 28 سالہ نوجوان پیسر نے مزید کہا کہ "میں اس وقت ورلڈ کپ 2023 کے سکواڈ میں اپنی سلیکشن تصور نہیں کر رہا ہوں، لیکن کوئی بھی کبھی یہ اندازہ نہیں لگا سکتا کہ کب موقع ملے گا۔" تاہم، سٹار فاسٹ بالر نے کہا کہ وہ کسی بھی ذمہ داری کے لیے تیار رہیں گے اور ملک کی فتوحات میں اپنا حصہ ڈالنے کی پوری کوشش کریں گے۔ حسن علی نے پاکستان کے لیے اپنا آخری ون ڈے گزشتہ سال جون میں ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز میں کھیلا تھا اور ان کا آخری ٹیسٹ اس سال جنوری میں نیوزی لینڈ کے خلاف تھا۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی