پاکستان کرکٹ بورڈ ( پی سی بی )کے چیئرمین محسن نقوی کی تعیناتی اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کر دی گئی۔ منگل کے روز چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ عامر فاروق نے محسن نقوی کی بطور چیئرمین پی سی بی تعیناتی کے خلاف دائر درخواست پر سماعت کی جس کے دوران درخواست گزار عدالت عالیہ میں پیش ہوا۔ چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ نے درخواست گزار سے استفسار کیا کہ آپ کیوں کہہ رہے ہیں کہ یہ تعیناتی غلط ہوئی ہے؟، جس پر وکیل درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ آئین کے مطابق منتخب اور نگران وزیراعظم میں فرق ہے اور چیئرمین پی سی بی کی تعیناتی کا اختیار بطور پیٹرن ان چیف وزیراعظم کے پاس ہے۔ جسٹس عامر فاروق نے استفسار کیا کہ تو آپ کہہ رہے ہیں کہ نگران وزیراعظم کے پاس یہ اختیار ہی نہیں تھا؟ جس پر وکیل نے کہا کہ نگران وزیراعظم پاکستان کرکٹ بورڈ کا پیٹرن ان چیف نہیں ہو سکتا۔ بعدازاں، عدالت نے درخواست قابل سماعت ہونے پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی