قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر محمد عامر نے بیٹنگ کمپنی کیساتھ ہونے والا معاہدہ معطل کر تے ہوئے پی سی بی کو یقین دلایا ہے کہ 'بیٹنگ سے' سیرو گیٹ کمپنی ان کی تصویرآئندہ اپنی اشتہاری مہم کے لیے استعمال نہیں کرے گی۔ پی سی بی نے محمد عامر کو تنبیہ کی ہے کہ حکومت پاکستان کی جانب سے پی سی بی کی بیٹنگ کمپنی کے ساتھ معاہدہ پر پابندی عائد ہے اس لیے وہ ایسی کسی تشہیر کا حصہ نہ بنیں۔ پی سی بی ترجمان کے مطابق عامر نے پی سی بی کو یقین دلایا ہے کہ یہ پرانا معاہدہ تھا، کمپنی نے محمد عامر کی ویڈیوز بھی اپنے سوشل میڈیا اکاونٹس سے ہٹا دی ہیں، ہوسکتا ہے عامر نے معاہدے کی رقم واپس کرتے ہوئے معاہدہ ختم کردیا ہو۔ محمد عامر نے یقین دلایا ہے کہ کمپنی میری مزید تصاویرپروموشن کے لیے استعمال نہیں کرے گی۔ دوسری جانب محمد عامر کو سوشل میڈیا پر شائقین کرکٹ کی جانب سے تنقید کا سامنا ہے۔ انہوں نے گزشتہ سال ایک غیر ملکی کمپنی سے سوشل میڈیا پر پروموشن کا ایک سال کا معاہدہ کیا تھا، انہوں نے بیٹنگ کمپنی کی 60 پوسٹس کی پروموشن کے لیے ایک کروڑ 25لاکھ روپے کا معاہدہ کیا تھا۔ فاسٹ بولر نے ریٹائرمنٹ کے دوران معاہدہ کیا تھا اور کمپنی نے ایک دن قبل عامر کا پرانا فوٹو شوٹ سوشل میڈیا پر وائرل کیا تھا۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی