اولمپک سلور میڈلسٹ مارکیٹا ونڈروسووا ہاتھ کی انجری کے باعث پیرس اولمپکس 2024سے دستبردار ہوگئی ہیں،25سالہ چیک کھلاڑی مارکیٹا ونڈروسووانے یہ فیصلہ رواں ماہ کے اوائل میں انگلینڈ میں کھیلے گئے سال کے تیسرے گرینڈ سلام ومبلڈن اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کے دوران پہلے رائونڈ سے باہر ہونے کے بعد کیا۔مارکیٹا ونڈروسووا 1994میں سٹیفی گراف کے لوری میک نیل سے ہارنے کے بعد پہلی ومبلڈن ویمنز سنگلز چیمپئن بنی تھی ۔مارکیٹا ونڈروسووا نے ٹوکیو 2020میں چاندی کا تمغہ جیتا تھا لیکن اپنے انسٹاگرام اکائونٹ پر پوسٹ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ رواں موسم گرما کے کھیلوں میں نہیں کھیلیں گی اور 26اگست سے شروع ہونے والے سال کے چوتھے اور آخری گرینڈ سلام یو ایس اوپن ٹینس کی تیاری پر توجہ مرکوز کریں گی،انہوں نے کہا کہ مجھے بہت افسوس ہے لیکن فٹنس مسائل باعث میں رواں ماہ پیرس میں ہونے والے اولمپک گیمز میں شرکت نہیں کر سکوں گی۔مجھے آخری لمحے تک امید تھی کہ میں کم از کم ویمنز ڈبلز میں شرکت کرپائوں گی ، لیکن میرے ہاتھ کی تکلیف مجھے ٹینس کورٹ پر آنے کی اجازت نہیں دے گی۔وہ فٹ ہوتی تو پیرس اولمپکس کے ٹینس کے ایونٹ میں 12ویں سیڈ کی حیثیت سے شریک ہوتی ۔مارکیٹا ونڈروسووا خواتین کے ایونٹ میں بیلاروس کی عالمی نمبر تین آریانا سیبالینکا ، تیونس کی اونس جیبر اور برطانوی ٹینس سٹار ایما راڈوکانو کے ساتھ نمایاں طور پر غیر حاضر ہیں۔دریں اثنا عالمی رینکنگ میں ساتویں نمبر پر موجود پولینڈ کے ہوبرٹ ہرکاز نے بھی مردوں کے سنگلز مقابلوں سے دستبرداری اختیار کرلی ہے،27سالہ کھلاڑی گھٹنے کی انجری سے صحت یاب نہیں ہوسکے ہیں جس کی وجہ سے انہیں ومبلڈن اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کے دوسرے رائونڈ کے میچ سے دستبردار ہونا پڑا۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی