معروف سینئر اداکار بہروز سبزواری نے کہا ہے کہ پاکستانی اداکارائوں نے بالی ووڈ میں کام کرکے اپنے ملک کا نام ڈبویا۔حال ہی میں ایک پوڈکاسٹ کے دوران گفتگو کرتے ہوئے بہروز سبزواری نے کہا کہ فواد خان بھارت گئے، وہاں جاکر انہوں نے بالی ووڈ میں شاندار کام کیا، اگر وہ آج بھی بالی ووڈ فلمیں کررہے ہوتے تو میں دعوے سے کہتا ہوں کہ وہ تمام بالی ووڈ خانز کو پیچھے چھوڑ دیتے اور بالی ووڈ کے نمبر ون اسٹار بن جاتے۔بہروز سبزواری نے کہا کہ فواد خان کے علاوہ جاوید شیخ نے بھی بالی ووڈ میں بڑا نام کمایا اور ہماری چند اداکارائوں نے بھی بالی ووڈ فلمیں کیں لیکن انہوں نے اپنے کام سے پاکستان کا نام روشن کرنے کے بجائے اپنے ملک کا نام ڈبویا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بھارتی فلموں کی ریلیز سے پابندی ہٹا دینی چاہیے، اس سے ہمارے سینما گھر بھی بھرے ہوئے نظر آئیں گے کیونکہ پاکستانی شائقین بھی بھارتی فلمیں دیکھنا چاہتے ہیں۔ ایک سوال پر اداکار نے کہا کہ جس دن ہماری فلمیں اس قابل ہوجائیں گی تو اس وقت بھارتی سینما گھروں میں بھی پاکستانی فلمیں ریلیز ہوں گی۔بہروز سبزواری نے مزید کہا کہ پاکستان کی واحد فلم دی لیجنڈ آف مولا جٹ نے دنیا بھر میں شہرت حاصل کی ہے اور اربوں روپے کمائے ہیں۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی