ابھرتی ہوئی اداکارہ حنا چوہدری نے کہا ہے کہ انہوں نے کیریئر کے آغاز میں ہی لوگوں کے طعنوں کی وجہ سے شادی کی تھی، کیوں کہ لوگوں نے ان کے منگیتر کو کہنا شروع کردیا تھا کہ وہ شوبز میں جاکر بدل جائیگی۔حنا چوہدری نے حال ہی میں دیے گئے انٹرویو میں بتایا کہ جب وہ یونیورسٹی میں پڑھتی تھیں، تب انہیں ان کے شوہر سے محبت ہوگئی تھی، ان کے شوہر یونیورسٹی انتظامیہ کے عہدیدار تھے۔اداکارہ کے مطابق ان کے درمیان دوستی گہری ہوگئی تو ان کے خاندانوں میں بھی تعلقات ہوگئے اور پہلے انہیں شوہر نے رشتے کی پیش کش کی، جس کے بعد دونوں کے خاندان نے رشتہ طے کیا۔حنا چوہدری نے بتایا کہ شوبز میں آنے سے قبل ہی ان کی منگنی ہو چکی تھی اور جیسے ہی انہوں نے شوبز کیریئر شروع کیا تو لوگوں نے انہیں اور ان کے منگیتر کو طعنے دینا شروع کیے کہ اب لڑکی شوبز میں چلی گئی ہے، وہ بدل جائے گی۔ان کا کہنا تھا کہ لوگوں کے طعنوں کی وجہ سے انہوں نے شوبز کیریئر کے آغاز میں ہی جلد شادی کرلی، جس کے بعد وہ کیریئر کو بڑھانے کے لیے لاہور سے کراچی آئیں۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی